ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حال ہی میں منتخب ہونے والے کرناٹکا کے کانگریسی رکن اسمبلی سڑک حادثے میں ہلاک

حال ہی میں منتخب ہونے والے کرناٹکا کے کانگریسی رکن اسمبلی سڑک حادثے میں ہلاک

Mon, 28 May 2018 12:04:17    S.O. News Service

باگلکوٹ 28/مئی  (ایس او نیوز). کانگریس کے نو منتخب رکن اسمبلی  سدھو نیامے گوڈا پیر  صبح باگلکوٹ کے  تلسی گیرے کراس  کے قریب سڑک  حادثے میں ہلاک ہو گئے. وہ گوا ائرپورٹ سے  اپنے اسمبلی حلقہ جمکھنڈی واپس جارہے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ 78 سالہ سدھو نیامے گوڈا دہلی سے گوا ائرپورٹ لوٹے تھے، وہاں سے بذریعہ  کار وہ جمکھنڈی جارہے تھے،ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  ان کی کار  مخالف سمت سے آنے والی ایک لاری سے بچنے کی کوشش میں  بے قابو ہوگئی اور سڑک کنارے واقع ڈیوائیڈر کی دیوار سے ٹکراگئی۔  بتایا گیا ہے کہ سدھو کو شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ  جانبر نہ ہوسکے ۔ حادثے میں کار ڈرائیور سمیت دیگر تین لوگ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، البتہ اُن کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔

وہ  اپنے پیچھے بیوہ، تین دُختر اور دو لڑکوں سمیت  ہزاروں چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی کلادگی پولس  تھانہ کے آفسران  جائے وقوع پر پہنچے اور موقع واردات کا جائزہ لیا۔

خیال رہے کہ  12 مئی کو کرناٹکا میں ہوئے  انتخابات میں جیت درج کرنے والے 78 کانگریسی ارکان اسمبلی میں سدھو نیامے گوڈا بھی شامل تھے۔ انہوں نے  ضلع باگلکوٹ کے جمکھنڈی اسمبلی حلقہ سے انتخابات میں جیت درج کی تھی، اس سے قبل وہ 1990-91 میں پی وی نرسمہا رائو کی حکومت میں مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

کرناٹکا کانگریس نے اپنے ٹویٹ پیغام میں ان کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گھروالوں سے تعزیت کی ہے اور بتایا ہے کہ اس مشکل اور غمناک گھڑی میں کانگریس ان کے  ساتھ کھڑی ہے اور  اُن کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

کرناٹک اسمبلی میں چار نشستیں خالی

سدھو  نیامے گوڈا کی موت کے بعد کانگریس کے ارکان اسمبلی کی تعداد اب گھٹ کر 77 ہوگئی ہے۔ کرناٹک کی 224 نشستوں میں  سے 222 نشستوں پر 12 مئی کو انتخابات ہوئے تھے، دو سیٹوں چنّا پٹنا اور رام نگر  میں   ایچ ڈی کماراسوامی نے انتخاب لڑا تھا اور دونوں حلقوں میں انہوں نے جیت درج کی تھی، جس کے بعد کماراسوامی نے رام نگر اسمبلی حلقہ سے استعفیٰ دیا تھا۔ اب سدھو نیامے گوڈا کی حادثاتی موت کے بعد  دو نشستیں خالی ہوگئی ہیں۔ 


Share: